مختصر کہانی  لکھنے کے بنیادی اصول

مختصر کہانی  لکھنے کے بنیادی اصول

حارث مطلوب

سیکنڈ سمیسٹر - الیکٹریکل انجینئرنگ

آپ مختصر کہانی کیسے لکھ سکتے ہیں؟ مختصر کہانی کیسے لکھی جاتی ہے ؟ مختصر کہانی لکھتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے یا وہ کون سی باتیں ہیں جن پر عمل کرنا، مختصر کہانی لکھتے وقت مفید ثابت ہوتا ہے؟ مختصر کہانی لکھتے وقت درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں۔

اس بات کا فیصلہ کرنا کہ کہانی کی لمبائی کتنی ہو

یہ سننے میں عجیب سا لگتا ہے کہ ابھی کہانی لکھنا شروع کی نہیں، اس سے پہلے ہی اس بات کا اندازہ کیسے لگایا جا سکتا ہے، کہانی کتنی لمبی ہونی چاہیے، کتنے الفاظ پر مشتمل ہونی چاہیے، لیکن یہ طے کیا جا سکتا ہے، اور اس بات کا فیصلہ کرنا کہ کہانی کتنی لمبی ہو گی، کہانی کے مقاصد پر منحصر ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ مقابلے میں بھی حصہ لے رہے ہو تو ظاہر سی بات ہے وہاں الفاظ کی گنتی ہو گی ہی ہوگی، اس لیے اس حساب سے، اس حد کو مدنظر رکھتے ہوئے کہانی لکھنا پڑے گی۔

کئی آئیڈیاز لینا

جب تک آپ اس بات کو کنفرم نہیں کر لیتے کہ آپ کی مختصر کہانی کس موضوع کے گرد گھومے گی تب تک آپ کے پاس متعدد آئیڈیاز ہونے چاہئیں۔ یہ آپ کے لیے ہی اچھا ہے۔کسی بھی ایسے آئیڈیا کے بارے میں مت لکھیں، جس سے آپ کو دلچسپی نہیں۔ اپنے دماغ کو متحرک کریں، اوراس کو تب تک دوڑائیں جب تک آپ کسی ایسی چیز پر ٹارگٹ نہیں کر لیتے جس کو لکھنے کا واقعتاً آپ کا دل کرتا ہو۔

کرداروں کا انتخاب کرنا

آپ کے دماغ میں کوئی خیال ابھرا ہے تو یقیناً آپ کے دماغ میں کچھ کرداروں کا خیال بھی آیا ہو گا۔ کہا جاتا ہے کہ مختصر کہانی لکھتے وقت کم سے کم کرداروں کے جوڑے کا انتخاب کیا جائے تو زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ مطلب ایک مرکزی کردار، ایک اور کردار جو مرکزی کردار کا مخالف یا حمایتی ہو۔

اپنی کہانی کے لیے منصوبہ تیار کرنا

جب آپ کہانی کا منصوبہ تیار کر رہے ہوتے ہیں تب آپ اس بات کا پلان تیار کر رہے ہوتے ہیں کہ جب کہانی سنائی جائے تو اس کو سنانے کا سب سے موثر طریقہ کیا ہے۔ ہر کہانی کا آغاز، وسط اور آخر ہوتا ہے۔ان چیزوں کو بیان کرنے کے لیے آپ تاریخی ڈھانچے یا داستانی ڈھانچے کی مدد لے سکتے ہیں ۔ مرکزی کردار اور اس کامخالف یا حمایتی ممکن ہے پہلے پیراگراف میں میٹنگ کے دوران مل جائےاور یہ بھی ممکن ہے کوئی لڑائی مرکزی کردار سے پردہ اٹھائے۔

تجسس برقرار رکھنا

تمام معلومات کا ایک ہی پیراگراف میں مت بتائیں اور اپنے قارئین کو آخر تک تجسس میں رکھیں۔کوشش کریں کہ کہانی کے آخر میں آپ قاری کوحیرت  میں ڈال سکیں۔ اگرکہانی میں حیرت محفوظ رہے گی تو پڑھنے والوں کے لیے دلچسپی قائم رہے گی۔

ہر چیز بتانے کی بتائیں مگر کچھ چھپا کر بھی رکھیں

ایک مختصر کہانی میں جو چیزیں نہیں بتائی جاتیں وہ بھی اتنی ہی اہمیت رکھتی ہیں جتنی بتائی جانے والی چیزوں کی اہمیت ہوتی ہے۔  ہر چیز پڑھنے والے کو مت بتائیں۔ کچھ چیزیں ایسی رکھیں جس کا پتہ پڑھنے والے لگائیں۔اس کے لیے بتانے کی بجائے تجویز کرنے والے اصول پر عمل کریں تاکہ پڑھنے والے خود اندازہ لگا سکیں۔

کہانی کا ڈرافٹ لکھنا

کہا جاتا ہے مختصر کہانی لکھتے وقت سب سے مشکل مرحلہ کہانی کا خاکہ تیار کرنا ہوتا ہے- اس بات کی عام طور پر امید کی جا رہی ہوتی ہے کہ جب تک کہانی کا خاکہ لکھنے کا وقت آتا ہے تب تک لکھاری کے پاس واضح خیال اور منصوبہ ہوتا ہے۔اگر ایسا ہو تو کہانی لکھنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ مختصر کہانی لکھتے وقت ایک ہی کردار کے نقطہ نظر پر قائم رہنے کی سفارش کی جاتی ہے جب تک آپ کو کسی دوسرے کردار کو بیان کرنے کی ٹھوس وجہ نہ مل جائے۔ سب سے پہلا خاکہ لکھتے وقت آپ کو ہر لفظ درست لکھنے کے بارے میں زیادہ فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس میں تبدیلی ممکن ہے اور ابھی اس کا وقت بھی ہوتا ہے۔

اپنی مختصر کہانی میں تبدیلی کرنا/ نوک پلک سنوارنا

آخر میں وقت ہوتا ہے اپنی کہانی کی نوک پلک سنوارنے کا۔  اس موڑ پر آ کر آپ کو اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ آپ نے کس پیراگراف کو رکھنا ہے اور کس پیراگراف کو نکال باہر کرنا ہے۔ آپ کے کردار ٹھیک تھے یا نہیں یا آپ کہانی کو بالکل نیا موڑ دینا چاہتے ہو یا یہی ٹھیک ہے۔ اگر تو آپ نے اپنی کہانی میں کوئی تبدیلی کرنی ہے تو الفاظ کے انتخاب اور جملوں کو حتمی ترتیب دینے سے پہلے وہ کام کر لیں۔ جب آپ کو یہ بات کنفرم ہو جائے کہ کوئی بھی پیراگراف تبدیل یا ختم کرنے کی ضرورت نہیں ہے تو آپ اب جملوں کی سطح (Sentence level) پر تبدیلی کر سکتے ہیں یعنی غیر ضروری جملے یا الفاظ کاٹنا وغیرہ۔ تمام تبدیلیاں کرنے کے بعد بھی اس بات کی ضرورت بہرحال رہتی ہے کہ آپ کہانی کو دوبارہ پڑھیں اور  املاء کی غلطیوں کو درست کریں۔ شروع سے آخر تک کہانی کے ہر فقرے کو کسی نا کسی مقصد کے لیے استعمال کریں۔ چونکہ آپ کو کہانی چند الفاظ میں سنانی ہوتی ہے تو کوشش کریں کہ ہر لفظ سے فائدہ اٹھا سکیں اور جو بات فالتو لگ رہی ہو اسے حذف کرنے میں دیر نا کریں۔

مختصر کہانیاں دیکھنے میں آسان نظر آتی ہیں کیونکہ وہ چھوٹی سی ہوتی ہیں لیکن حقیقت میں اچھی مختصر کہانی لکھنا واقعی بہت مشکل کام ہے۔