Taaruf-e-Islam

Taaruf-e-Islam

Waheed Shehzad

Department of Humanities and Social Sciences

 

Rashid, M. (2019). Taaruf-e-Islam. New York, USA: Smashwords.

آج کی اس جدید دنیا میں مذہب کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ تمام تر جدت کے باوجود دنیا کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی معاملات میں جو تبدیلیاں وقوع پذیر ہو رہی ہیں ان کا ایک محرک مذہب بھی ہے۔ کسی مذہب کے اس جدید دنیا میں کردار پر بحث سے پہلے اس کا مکمل تعارف درکار ہوتا ہے جو کہ کسی ایک کتاب میں جامع طور پر پیش کرنا ایک کٹھن کام ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی کے تمام پہلوؤں کے بارے میں ہماری اکمل انداز میں رہنمائی کرتا ہے ۔ دنیا کے تمام الہامی مذاہب میں سب سے جدید دین اسلام ہے۔ اسلام کے ظہور کے بعد دنیا کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی منظر نامے پر جو تبدیلیاں وقوع پذیر ہوئیں ان کے پیچھے وہ مضبوط الہامی تصورات تھے جو اسلام نے پیش کیے۔ مذہب اسلام کے دنیا پر اثرات کا جائزہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس سے ایک جامع تعارف حاصل نہ ہو۔ اس ضمن میں کتاب تعارف اسلام ایک جامع کتاب ہے جس کے مصنف ماجد رشید ہیں۔ اس کتاب کا بنظرِ غایت مطالعے کے بعد چند اہم نکات عیاں ہوتے ہیں ،جنہیں مندرجہ ذیل سطور میں بیان کیا گیا ہے ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ مصنف نے بڑی عرق ریزی سے اسلام کے چند اہم پہلوؤں کو جامع اور مختصر انداز میں بیان کرنے کی سعی کی ہے ۔ اسلوب سادہ مگر جاندار ہے۔

مصنف نے سب سے پہلے قرآنِ کریم کا تعارف پیش کیا اور اس ضمن میں قرآنِ حمید کے اہم موضوعات کو زیرِ بحث لائے، جن میں وحی کا تعارف، وحی کی اقسام ، قران کا مفہوم ، قرآن کی جمع و تدوین ، قرآن کے فضائل و خصوصیات اور قرآن کریم کے مضامین اور اس ضمن میں علومِ خمسہ کو جامع انداز میں بیان کیا اور اس کے متصل بعد قرآنی آیات میں سے سورہ بقرہ کی آخری آیات جو عقائد سے متعلقہ ہیں ان کا انتخاب کیا جو ایمانیات کی بنیاد ہیں اور اس کے بعد سورہ حجرات کا ترجمہ اور تشریح پیش کی، جس کے بنیادی مضامین میں آداب النبی ﷺ سے متعلقہ امور اور اس کے ساتھ ساتھ معاشرتی احکام کو بیان کیا جو معاشرے میں اتحاد و امن کی فضاء بحال کرنے میں ایک مثبت و مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ قرآن کریم کے ذکر کے بعد مصنف نے حدیث مبارکہ کے تعارف کو ذکر کیا اور اس ضمن میں انہوں نے حدیث کا مفہوم ، مختلف اعتبارات سے حدیث کی اقسام ، حدیث کی اہم کتب کے ناموں کا تعارف ، حدیث کی حثییت قران و حدیث کی روشنی میں ، حدیث کی جمع و تدوین کو بیان کرنے کے بعد اس باب کے آخر میں صحاح ستہ کے تعارف کو جامع انداز میں تحریر کیا اور اس کے بعد فلاح ِ دارین کے لئے دس منتخب اہم احادیث کو منفرد انداز میں بیان کیا ۔ اس کے بعد مصنف نے حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین کی زندگی کے دونوں ادوار مکی اور مدنی دور کو بیان کیا اور اس ضمن میں ان دونوں ادوار میں ہونے والے اہم واقعات کو سادہ انداز میں بیان کیا ۔ ان دونوں ادوار کے واقعات سے حاصل ہونے والے اسباق کو بیان کر کے قاری کے لئے motivation کا سامان بھی فراہم کر دیا ہے۔ اس کے بعد مصنف نے خلفاء راشدین کا ذکر کرتے ہوئے اس ضمن میں خلافت راشدہ کی اہم خصوصیات کو بیان کر کے ، چاروں خلفاء راشدین کے تعارف ، کردار اور فتوحات کا ذکر کیا اور اس کے متصل بعد دورِ بنو امیہ اور دورِ بنو عباس کا ذکر کرتے ہوئے ان کے خلفاء کا ذکر کرتے ہوئے ان ادوار کی خصوصیات بیان کر کے آخر میں ان دونوں ادوار کے زوال کے اسباب پر جمہور کی آراء کی روشنی میں اہم نکات کا ذکر کیا ۔

اس سے اگلے باب میں مصنف نے فقہ اور قانونِ اسلامی کا ذکر کیا اور اس ضمن میں فقہ کی لغوی اور اصطلاحی مفہوم کو دلائل سے مرشح کیا اور فقہ کی اہمیت ، فقہ کے بنیادی اور ثانوی مصادر کو بیان کرنے کے ساتھ فقہ کی تدوین کے طریقہ کار کو بھی بیان کیا اور اس سبق کے آخر میں اسلام میں فرقہ واریت کی مذمت کو دلائل کی روشنی میں بیان کیا، اس کے بعد مصنف نے اسلامی تہذیب و ثقافت کے مفہوم کو بیان کرنے کے بعد ، اسلامی تہذیب و ثقافت کی ابتداء ، اسلامی تہذیب و ثقافت کی خصوصیات کو جامع انداز میں بیان کیا ا اور اسلامی تہذیب بمقابلہ مغربی تہذیب کے درمیان کچھ بنیادی امتیازات کو بھی بیان کیا ، اس کے بعد اسلام کے معاشی نظام پر روشنی ڈالتے ہوئے مصنف نے اسلام کے معاشی نظام اور دیگر نظامات میں فرق بیان کیا ، اسلام کے کاروبار کے لئے شرعی اصولوں کو تفصیلی طور پر مثالوں اور دلائل سے مرشح کرتے ہوئے روزی کمانے کے اسلامی طریقوں کو بھی بیان کیا اور اسلام کے معاشی نظام سے متعلقہ ایک اہم مسئلہ سود کے مفہوم اور حرمتِ سود کو قرآن و سنت کی روشنی میں بیان کیا ، اس کے بعد مصنف نے اسلام کے معاشرتی نظام کو بیان کر کے اس کی خوبیوں کو باہمی تقابل کی صورت میں بیان کیا ۔ اس سے اگلےباب میں مصنف نے اسلام میں سیاست کے ذکر کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے ، حکومت کے انتخاب کے طریقہ کار ، حکومت کی ذمہ داریوں اور حکمران کی ذمہ داریوں اور خصوصیات کو بیان کیا اور آخری سبق میں مصنف نے ایک معتدل انداز میں اسلام اور سائنس اور قرآن اور سائنس کے موضوع کو سخن بحث بناتے ہوئے اسلام اور سائنس میں بنیادی امتیازات کو قرآنی آیات اور احادیث کی روشنی میں ذکر کیا۔

الغرض تعارف اسلام ایک مختصر مگر جامع اور سادہ اسلوب سے لکھی گئی کتاب ہے جوکہ ہر اس قاری کے ذوق مطالعہ کی تسکین کے لئے ہے جو کہ اسلام سے متعلق مطالعے کا آغاز کرنا چاہتا ہے۔ اس کتاب میں انتہائی سادہ زبان میں بنیادی تصورات کے ساتھ تاریخ اسلام کے واقعات بھی بیان کیے گئے ہیں۔ امید ہے کہ یہ کتاب پڑھنے والے کے ذوق مطالعہ کے معیار پر پورا اترے گی۔